۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
علامہ احمد اقبال رضوی

حوزہ/ باب العلم کے ماننے والے دانش وبصیرت کے دامن کو ہاتھ سے نہیں چھوڑتے۔ہمارے فیصلے جذبات کی بجائے حکمت کے تابع ہوتے ہیں۔ شرپسندانہ کارروائیوں کے ذریعے شیعہ قوم کو مشتعل نہیں کیا جا سکتا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے بہاولنگر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں عزاداری کے پروگراموں پر حملوں کو ملکی امن تباہ کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے ملت تشیع کو ڈرایا دھمکایا نہیں جا سکتا۔جو عناصر نئے سرے سے ملک میں تکفیریت کی آگ بھڑکانا چاہتے ہیں انہیں منہ کی کھانا پڑے گی۔باب العلم کے ماننے والے دانش وبصیرت کے دامن کو ہاتھ سے نہیں چھوڑتے۔ہمارے فیصلے جذبات کی بجائے حکمت کے تابع ہوتے ہیں۔ شرپسندانہ کارروائیوں کے ذریعے شیعہ قوم کو مشتعل نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ قانون شکن عناصر پر نظر رکھیں۔دہشت گردی کے حالیہ واقعات محکمہ پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔وزارت داخلہ کو ان کالی بھیڑوں کا محاسبہ کرنا ہو گا جو ہر وقت مسلکی تعصب کا چشمہ لگائے رکھتے ہیں اور آئینی اختیارات کو قانون شکنوں کی بجائے محب وطن قوتوں کے خلاف استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا اس طرح کے واقعات سے لگتا ہے کہ ملک دشمن تکفیری عناصر کو ایک بار پھر کھلی چھوٹ دینے کا پروگرام بنایا جا رہا ہے۔دہشت گردی کے خلاف اس قوم نے طویل جنگ لڑی ہے۔دشمن یہ بات ذہن نشیں کر لیں کہ اپنے عقیدے کا تحفظ اور ملک و قوم کی سلامتی ہمیں ہر شے پر مقدم ہے جس پر کبھی کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .